ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : اننت کمار ہیگڑے نے منعقد کی افسران کے جائزاتی میٹنگ - سرکاری اسکیموں کو عوام تک پہنچانے کی دی ہدایت 

کاروار : اننت کمار ہیگڑے نے منعقد کی افسران کے جائزاتی میٹنگ - سرکاری اسکیموں کو عوام تک پہنچانے کی دی ہدایت 

Sat, 24 Jun 2023 13:52:50    S.O. News Service

کاروار،  24 / جون (ایس او نیوز) رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڑے نے شہر کے ضلع پنچایت ہال میں مختلف محکمہ جاتی افسران کے ساتھ "دیشا" میٹنگ منعقد کی جس کے دوران انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سرکار کی طرف سے ضلع میں جو بھی فلاحی اسکیمیں جاری ہیں ان کا پورا فائدہ عوام تک پہنچانے کی سمت میں کام کریں ۔ 
    
محکمہ باغبانی کے افسران سے رپورٹ سننے کے بعد انہوں نے صلاح دی کہ ضلع پنچایت اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے ادویات میں استعمال کیے جارہے  شیکمیک ایسڈ رکھنے والے سورگی یا چکرا پھولوں کی کاشت ضلع کے جنگلوں میں کی جائے ۔ 
    
محکمہ صحت کے افسران سے رپورٹ سننے کے بعد انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 13  لاکھ کارڈس تقسیم کرنے کا نشانہ طے کیا گیا تھا۔ آپ لوگوں نے صرف 4.25 لاکھ کارڈ تقسیم کیے ہیں ۔ بقیہ کارڈس جلد از جلد تقسیم کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں ۔
    
محکمہ تعلیمات کے افسران کے ساتھ  کاروار اور سرسی تعلیمی ضلع میں بچوں کے اسکول چھوڑنے اور تعلیم ادھوری رہنے کے معاملہ پر گفتگو کی گئی ۔ بھٹکل اور سداپور تعلقہ میں اسکولوں کے اندر طلبہ کی کم حاضری کا مسئلہ زیر بحث آیا ۔ اس بارے میں افسران کو خصوصی توجہ دینے اور تعلیم کے سازگار ماحول پیدا کرکے طلبہ کو اسکول کی طرف راغب کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ 
    
محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ پانی کی آلودگی اور اسے پاک و صاف کرنے کے مسئلہ پر بات چیت ہوئی ۔ کنووں کے پانی میں آلائش کی جانچ کروانے اور پانی آلودگی سے پاک نہ ہونے کی صورت میں ایسے کنویں بند کروانے کی ہدایت دی ۔ 
    
اس موقع پر کاروار کے رکن اسمبلی ستیش سائل، یلاپور کے رکن اسمبلی شیو رام ہیبار، ودھان پریشد رکن گنپتی الویکر، ضلع ڈی سی پربھو لنگا کولیکٹّی اور ضلع پنچایت سی ای او ایشور کمار کھنڈو موجود تھے ۔ 
    
اسی طرح ضلع رستے سرکھشتا سمیتی کے ساتھ میٹنگ کے دوران اننت کمار ہیگڑے نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کا تعمیراتی کام ادھورا رہنے کی وجہ سے بہت سے لوگوں کا جانی و مالی نقصان ہوا ہے ۔ اس لئے متعلقہ محکمہ کے افسران کو آئی آر بی کمپنی کے ساتھ نیشنل ہائی وے کا جائزہ لے اور ان مقامات کی نشاندہی کرے جہاں حادثات ہونے کے امکانات زیادہ ہیں ۔ ایسی جگہوں پر چوکنا کرنے والے بورڈ آویزاں کیے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نیشنل ہائی کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سڑک حادثوں پر روک لگائی جائے ۔ 


Share: